
کبھی آپ نے سوچا کہ یہ جو رات گئے نوٹیفکیشن آتا ہے، “You got a new match!”، کیا یہ واقعی آپ کی محبت کا دروازہ کھولتا ہے یا محض ایک سراب ہے؟
کیا وہ شخص جس سے آپ گھنٹوں بات کرتے ہیں، جو آپ کی پسند کی فلموں اور گانوں پر آپ سے مکمل اتفاق کرتا ہے، واقعی آپ کا “soulmate” ہے، یا بس ایک اور اسکرین کے پیچھے موجود اجنبی؟
کیا یہ ممکن ہے کہ جو لڑکی آپ سے ہر وقت چہکتی ہوئی باتیں کرتی ہے، وہ اصل میں چار اور لوگوں سے بھی “ہیلو ڈیئر” کر رہی ہو؟
اور وہ جو لڑکا آپ کو دن رات “خوابوں کا شہزادہ” لگتا ہے، وہ کہیں اور کسی اور کے ساتھ “او میری جان” پر ری ایکشن دے رہا ہو؟
ڈیٹنگ ایپس کا جادو: حقیقت یا فریب؟
یہ جدید دور کی کہانی ہے جہاں ایک “سویپ رائٹ” سے دل جُڑتے ہیں اور ایک “ان میچ” سے کہانیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ پاکستانی معاشرے میں جہاں رشتوں کو خاندانی پس منظر، عزت اور روایات کی نظر سے دیکھا جاتا تھا، اب وہاں “آن لائن کیمسٹری” اور “وائبز” کی باتیں ہو رہی ہیں۔ لوگ دیر رات تک چیٹ کرتے ہیں، دل کی باتیں کرتے ہیں، خواب سجاتے ہیں، مگر کیا یہ واقعی محبت ہے یا محض ڈیجیٹل وقت گزاری؟
ڈیٹنگ ایپس کا پاکستانی ورژن: محبت کم، فراد زیادہ
آپ نے بھی وہ مشہور کہانیاں سن رکھی ہوں گی کہ کیسے کوئی لڑکی چھ ماہ تک ایک لڑکے سے بات کرتی رہی، ملاقات طے ہوئی، اور پتہ چلا کہ وہ لڑکا اصل میں شادی شدہ تھا۔ یا پھر وہ نوجوان جو اپنی “ڈیٹ” کے بل ادا کرنے کے لیے کرایہ مانگتا تھا، اور بعد میں پتا چلا کہ اس نے یہی کام چار اور لڑکیوں کے ساتھ کیا تھا! یہ ایپس جہاں کچھ لوگوں کے لیے رشتوں کی تلاش کا نیا طریقہ بن رہی ہیں، وہیں کچھ “سیزنڈ پلیئرز” ان کا استعمال دل بہلانے اور ناپختہ جذبات سے کھیلنے کے لیے کر رہے ہیں۔
“اوہ واہ! ہم دونوں کو ہی بلیک کافی پسند ہے” مگر کیا واقعی؟
آن لائن دنیا میں لوگ وہی دکھاتے ہیں جو آپ دیکھنا چاہتے ہیں۔ لڑکے کہتے ہیں، “مجھے شاعری بہت پسند ہے”، حالانکہ آخری بار انہوں نے غالب کو دسویں جماعت میں پڑھا تھا۔ لڑکیاں کہتی ہیں، “میں بہت سادہ ہوں”، مگر پروفائل تصویر فلٹرز سے بھری ہوتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ تعلقات حقیقی دنیا میں بھی اتنے ہی سچے ثابت ہوتے ہیں جتنے یہ چیٹ ببلز میں لگتے ہیں؟
سچ کیا ہے؟
ڈیٹنگ ایپس نے تعلقات کو آسان بنا دیا ہے، مگر شاید جذبات کو سستا بھی کر دیا ہے۔ جہاں پہلے محبت ایک لمبا سفر ہوتی تھی، اب وہ چند کلکس کی دوری پر ہے۔ ایک وقت تھا جب لوگ صرف اپنے ہی شہر یا محلے میں محبت ڈھونڈتے تھے، اب ایک بندہ لاہور میں بیٹھا کراچی، اسلام آباد، اور دبئی تک محبتیں بانٹ رہا ہوتا ہے!
فیصلہ آپ کا
تو کیا ڈیٹنگ ایپس سے محبت مل سکتی ہے؟ ہو سکتا ہے۔ مگر جتنا آسان کسی کو میچ کرنا ہے، اتنا ہی آسان کسی کو ان میچ کرنا بھی ہے۔ جو رشتے دو ٹائپنگ ببلز پر بنیں، وہ کتنے مستحکم ہو سکتے ہیں؟ پاکستانی معاشرے میں جہاں محبت پہلے بھی آزمائش تھی، اب وہ ڈیجیٹل آزمائش بن چکی ہے۔ اگر آپ ان ایپس پر ہیں، تو صرف دل نہیں، دماغ بھی ساتھ لے کر چلیں—کیونکہ یہاں “میچ” ملتا ہے، مگر “مس میچ” کا چانس زیادہ ہوتا ہے!